1 مئی 2016 - 10:33
عراق کے دار الحکومت میں بحرانی صورتحال ختم، حالات معمول پر

عراق کے دارالحکومت بغداد میں بحرانی صورت حال ختم ہو گئی ہے اور اب حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں امن و امان قائم کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی کوششوں اور اسی طرح عراقی مظاہرین کے پارلیمنٹ کی عمارت سے باہر نکلنے اور بغداد کے گرین زون میں طے شدہ علاقے میں واپس جانے کے بعد بغداد میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں اور شہر میں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہو گئی ہے۔ صرف گرین زون کے اطراف کا علاقہ بند کیا گیا ہے۔

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی ہفتے کی رات پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس کی عمارتوں میں مظاہرین کے داخل ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر گروہ کے سربراہ مقتدا صدر سے کہا تھا کہ وہ مظاہرین کو پارلیمنٹ کی عمارت سے باہر نکال لیں۔

سلیم الجبوری نے مقتدا صدر سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کر کے مظاہرین کو کنٹرول کریں اور اس بات کی اجازت نہ دیں کے اس مظاہرے سے غلط فائدہ اٹھایا جائے اور ملک کو نقصان پہنچے۔ عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دہشت گرد گروہ داعش کے خظرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ داعش عراق میں پھیلنے کے لیے موقع کی تلاش میں ہے اور اسے ایسا موقع نہیں دینا چاہیے۔

عراق کے صدر فواد معصوم نے بھی ملک کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کا اتوار کو ہنگامی اجلاس بلایا ہے۔

واضح رہے کہ عراقی مظاہرین کے بغداد کے گرین زون پر حملے اور ان میں سے بعض مظاہرین کے پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہونے کے بعد بغداد کی آپریشن کمان نے شہر میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲